علم و کتاب
8.02K subscribers
1.14K photos
82 videos
2.37K files
6.26K links
علمی و ادبی مواد کتابوں اور صوتیات کا چینل
اس میں شامل ہونے کے لئے لنک پر کلک کریں https://telegram.me/muniri
Download Telegram
مذہب سے بے گانگی اور اس کا مداوا

رشید احمد صدیقی مرحوم نے فرمایا:

مذہب سے آج جو بے گانگی، بے تعلقی یا بیزاری نظر آتی ہے، اس کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ موجودہ دنیا، جس عالمگیر ناصبوری، نا آسودگی یا ہراس و ہوس کے بھنور میں جاگری ہے، وہاں احتسابِ نفس کی اتنی گنجائش نہیں رہی، جتنی تحفظِ ذات اور ہر قیمت پر زیادہ سے زیادہ نفع اندوزی کی خواہش بڑھی ہوئی ہے۔ اس میں فرد، جماعت اور اربابِ اختیار و اقتدار سبھی کم و بیش مبتلا ہیں۔ ایسے میں اقدار نہیں، اغراض پیشِ نظر ہوتے ہیں اور یہ کوئی معمولی حادثہ نہیں ہے، جس کو کسی طرح نظر انداز کیا جاسکے۔ علوم و فنون کی بے امان ترقی، یعنی فطرت کی کُھلی اور چُھپی طاقتوں کو چاکری میں لینے سے زندگی کا ہر طرح کا کاروبار، اتنا تند و ہمہ جہت اور سخت گیر ہوگیا ہے کہ ان سے نپٹنا، خود علوم و فنون کے بس میں نہ رہا۔ اس آشوب کا مداوا و مقابلہ، صرف مذہب و اخلاق کے اوامر و نواہی کی پابندی سے ممکن ہے۔ اس لیے کہ ظلم، جہالت، دکھ اور مایوسی کا تریاق مذہب و اخلاق ہی کے پاس ہے، جو منصفی، محبت اور اعلیٰ اور اچھے پر بھروسہ رکھنے پر زور دیتا ہے۔

(عزیزانِ ندوہ کے نام، صفحہ: ٢٢/٢٣/مطالعاتی پیشکش: طارق علی عباسی)

https://telegram.me/ilmokitab
https://telegram.me/muniri
❤1
*اقتباس مطالعہ:4*

پس اے عزیزان ملت! اور اے بقیہ ماتم زدگان قافلہء اسلام! اگر یہ سچ ہے کہ دنیا کے کسی گوشے میں پیروان اسلام کے سروں پر تلوار چمک رہی ہو تو تعجب ہے اگر اس کا زخم ہم اپنے دلوں میں نہ دیکھیں۔ اگر آسمان کے نیچے کہیں بھی ایک مسلم پیرو توحید کی لاش تڑپ رہی ہے تو لعنت ہے ان سات کروڑ زندگیوں پر جن کے دلوں میں اس کی تڑپ نہ ہو۔ اگر مراکش میں ایک حامی وطن حلقہ بریدہ سے ایک خون کا فوارہ چھوٹ رہا ہے تو ہم کو کیا ہو گیا ہے کہ ہمارے منہ سے دل و جگر کے ٹکڑے نہیں گرتے؟ ایران میں اگر وہ گردن ہے پھانسی کے رسیوں میں لٹک رہی ہے جن سے آخری ساعت نزاع میں "اشھد ان لا الہ الا اللہ" کی آواز نکل رہی تھی، تو ہم پر اللہ اور اس کے ملائکہ کی پھٹکار ہو اگر اپنی گردنوں پر اس کا نشان محسوس نہ کریں۔ اگر آج بلقان کے میدانوں میں حافظین کلمہ توحید کے سر اور سینے میں صلیب پرستوں کی گولیوں سے چھد رہے ہیں، تو ہم اللہ اور اس کے ملائکہ اور اس کے رسول کے آگے ملعون ہوں گے اگر اپنے پہلوؤں کے اندر ایک لمحے کے لیے بھی راحت اور سکون محسوس کریں۔ میں کہہ رہا ہوں حالانکہ اسلام کی روح کا ایک ذرہ بھی اس کے پیروؤں میں باقی ہے تو مجھ کو کہنا چاہیے کہ اگر میدان جنگ میں کسی ترک کے تلوے میں ایک کانٹا چبھ جائے تو قسم ہے خدائے اسلام کی کہ کوئی ہندوستان کا مسلمان مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک وہ اس کی چھبن کو تلوے کی جگہ اپنے دل میں محسوس نہ کرے، کیونکہ ملت اسلام ایک جسم واحد ہے اور مسلمان خواہ کہیں ہو اس کے اعضاء و جوارح ہیں اگر ہاتھ کی انگلی میں کانٹا چبھے تو جب تک باقی اعضا کٹ کر الگ نہ ہو گئے ہوں ممکن نہیں اس صدمے سے بے خبر رہیں! اور جو کچھ کہہ رہا ہوں محض اظہار مطلب کا زور بیان ہی نہیں ہے، بلکہ عین ترجمہ ہے اس حدیث مشہور کا جس امام احمد ومسلم نے نعمان بن بشیر سے روایت کیا ہے کہ جناب رسول کریم علیہ الصلاۃ والتسلیم نے فرمایا:
*«مَثَلُ الْمُؤْمِنِينَ فِي تَوَادِّهِمْ وَتَرَاحُمِهِمْ وَتَعَاطُفِهِمْ، مَثَلُ الْجَسَدِ، إِذَا اشْتَكَى مِنْهُ عُضْوٌ، تَدَاعَى لَهُ سَائِرُ الْجَسَدِ بِالسَّهَرِ وَالْحُمَّى»*
*(مسلمانوں کی مثال باہمی مدت مرحمت اور محبت و ہمدردی میں ایسی ہے جیسے ایک جسم واحد کی، اگر اس کی ایک ارزو میں کوئی شکایت پیدا ہوتی ہے تو سارا جسم اس تکلیف میں شریک ہو جاتا ہے)*

اور اس کے ہم نے صحیحین کی وہ حدیث ہے جس کو ابو موسی اشعری نے روایت کیا ہے:
*«الْمُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِ كَالْبُنْيَانِ، يَشُدُّ بَعْضُهُ بَعْضًا»*
*(ایک مومن دوسرے مومن کے لیے ایسا ہے جیسے کسی دیوار کی ایک اینٹ دوسری اینٹ کو سہارا دیتی ہے)*

اور فی الحقیقت ایک خصائص مسلم میں سے ایک اولین اور اسد ترین خصوصیت ہے جس کی طرف قرآن شریف نے اپنے جامع اور معنی الفاظ میں اشارہ کیا ہے:
*﴿ أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ﴾*
*(کافروں کے لیے نہایت سخت مگر آپس میں نہایت رحیم اور ہمدرد)*

ان میں جس قدر سختی ہے باطل اور کفر کے لیے اور ان کی جس قدر محبت الفت ہے حق کو صداق اور اسلام و توحید کے لیے۔

*(مجاھد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد)*
*خطبات آزاد (ص: 18-19)*

*ترتیب و پیشکش: محمد حارث اکرمی ندوی*
*کیا ہم مسلمان (٤٣)خون دل و جگر سے ہے سَرمایۂ حیات  (چوتھی قسط)*
 
*تحریر: شمس نوید عثمانیؒ*
"ایک بار عید کی رات تھی" امام مزنیؒ یہ پاکیزہ واقعہ سُناتے ہیں ۔ "مَیں امام صاحبؒ کے ساتھ مسجد سے گھر تک آیا ۔ ایک دینی مسئلے پر گفتگو چھڑی ہوئی تھی اورحضرت امامؒ علم و حکمت کے موتی سرِ راہ لُٹاتے جارہے تھے ۔ دروازے پر پہنچے تو وہاں ایک شخص کو اپنا منتظر پایا۔ اس نے آگے بڑھ کر سلام کیا اور عرض کیا:
    "یہ تھیلی میرے آقا نے خدمتِ عالی میں نذر کی ہے ۔"
     امام صاحبؒ نے شکریے کے ساتھ یہ تھیلی قبول فرمائی ۔ وہ شخص رخصت ہوا ہی تھا کہ ایک اور شخص گرتا پڑتا امامؒ کی طرف چلا آرہا تھا:-
     "امام صاحبؒ .....!" نووارد نے ہانپتے کانپتے ہوئے دُکھڑا سُنایا،" گھر میں بچّے کی ولادت ہوئی ہے اور میرے پاس ایک پیسہ تک نہیں ۔۔۔۔"
   یہ سُننا تھا کہ امام صاحبؒ بے قرار ہو گئے۔ وہی تھیلی جوں کی توں اس شخص کے ہاتھ میں دے دی اور مُسکراتے ہوئے گھر تشریف لے گئے۔"
    ایسے ہی عید کی ایک اور رات کا واقعہ ہے ۔
آسمان پر ہلال عید کو دیکھ کر نیک دِل بیوی نے ٹھنڈے پڑے ہوئے چولھے کی طرف دیکھا اور بے قابو ہوگئیں ۔
   "کیا یہ مناسب نہ ہوگا" انھوں نے آب دیدہ ہو کر امام صاحبؒ سے عرض کیا "کہ کچھ رقم کہیں سے اُدھار منگا لیجیے ...... ؟"
   سفر آخرت کی ساتھی کو یُوں دل گیر ہوتے ہوئے دیکھ کر امام صاحبؒ پر بھی رقّت سی طاری ہوگئی ۔ ایک بے قرار نظر ان کے اداس چہرے پر ڈالی اور بھیگی ہوئی پلکوں نے کوئی خاموش پیغام دیا جیسے کہہ رہے ہوں:
"تم روتی ہو ـــــ ؟ حالاں کہ خوش ہونا چاہیے ۔ بے شک یہ کانٹے ہیں جو آج دل و جگر میں چُبھ رہے ہیں لیکن .... خدا کی قسم ! خدا کی جنّت کانٹوں ہی سے تو ڈھکی ہوئی ہے۔۔۔۔"
   پھر اُٹھے اور تھوڑی دیر کے بعد ستّر دینار بطور قرض اپنے ہاتھوں میں لیے ہوئے واپس آرہے تھے ـــــ  دل بے چین تھا کہ جس چہرے کو اُداس اور مغموم چھوڑ کر آئے ہیں اس چہرے کو خوشی سے مُسکراتا ہوا بھی دیکھ لیں ـــــ ! لیکن اتنے میں فقراء و مساکین اپنا اپنا درد سُنانے کے لیے ہر طرف سے آپہنچے تھے ۔ ٹوٹے ہوئے دلوں کی پکار سُنی اور قرض لی ہوئی رقم کا بڑا حصّہ بے نواؤں کی اشک شوئی میں صرف ہوگیا ـــــ گھر میں پہنچے تو بیس دینار بچے تھے۔ ابھی وہ بیوی کے ہاتھ میں رکھنے نہ پائے تھے کہ ایک قریشی کی فریاد دروازے پر سُنائی دی۔ اُلٹے پاؤں واپس ہوئے ۔ اس کا حال سُنا اور یہ بیس کے بیس دینار اس کے سامنے رکھتے ہُوئے صرف اتنا کہا:
   "بھائی ــــــ ! ان میں سے اپنی ضرورت بھر تم بھی لے لو۔۔۔۔"
اس نے بیس کے بیس دینار اُٹھاتے ہوئے کہا:
"سچ کہتا ہوں اے امامؒ ! ابھی میری ضرورت پوری نہیں ہوئی۔ ابھی تو اور چاہئیں۔۔۔۔"
   اور امام صاحبؒ نے ایک حرف منہ سے نہ نکالا ! ــــــ خاموشی سے جا کر بیوی کے سامنے خالی ہاتھ کھڑے رہ گئے ۔
 "آپ تو یہی کرتے رہتے ہیں ....." بیوی کی آواز بھرّا گئی اور امام صاحبؒ اپنے اور بیوی کے غم کو سینے سے لگائے ہوئے خاموش کھڑے رہے ــــــ  آزمائش کی یہ گھائی طَے ہوئی تھی کہ خدا کی رحمت کو جوش آگیا ــــــ ہارون رشید کے وزیر جعفر نے ہاتفِ غیبی کی آواز سے یہ واقعہ سُنا اور ایک ہزار دینار کی نذر لیے ہوئے صبح سویرے ہرکارہ آپہنچا اور عرض کیا " وزیر مملکت کا عاجزانہ اصرار ہے کہ یہ حقیر نذر قبول ہی فرما لیجیے۔"
 
___
یہ وہ لوگ تھے جن کے بارے میں خدا کا ارشاد ہے:-
"اللہ نے ایمان والوں سے ان کی جانوں اور ان کے اموال کو خرید لیا ہے جس کے عوض میں ان کے لیے جنّت ہے ــــــ"
امام صاحبؒ کا یہ اصول تھا کہ ہزاروں درہم و دینار کے خزانے حکومت اور جمہور کی طرف سے ان کے قدموں میں ڈالے جاتے مگر یہ سارا خراجِ عقیدت ان کی نظر میں اللہ کی امانت تھا ــــــ نذرانوں کا تین چوتھائی حصّہ بہر حال صدقہ و خیرات میں لگا دیا جاتا اور اس طرح عالمِ باقی کے خزانوں میں جمع کر دیا جاتا اور یہ مشکل ایک چوتھائی رقم دنیائے فانی میں خود جینے اور اہل و عیال کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی ذات پر روا رکھی جاتی ـــــ ٹھیک اسی طرح زندگی کے صبح و شام کو خدا کی "امانت" کے طور پر تقسیم کر رکھا تھا ـــــ ان کا بہت بڑا غالب ترین حصّہ اُس سفرِ آخرت کی تیاریوں میں صَرف ہوتا جو دم توڑتے ہی شروع ہونے والا ہے اور ہزاروں سَالہ برزخ اور پچاس ہزار سالہ عرصۂ قیامت طَے کرتا ہوا جو ہمیشہ ہمیشہ جاری رہے گا ـــــ جس کی راہ میں میزان عمل کی وہ گھاٹی ہے جہاں آدمی کی کرنی ترازو میں تو لی جا رہی ہوگی ـــــ حساب ہی حساب ہو گا اور عمل ختم ہو چکے گا ـــــ جس کا ایک مرحلہ وہ خطرناک ترین پُل صراط بھی ہے جو بال سے باریک اور تلوار سے تیز تر ہے ـــــ جس کے ایک کنارے پر عرصۂ قیامت ـــــ نیچے بھڑکتی ہوئی آتشِ جہنّم اور اُس پار خُدا کی جنّت ہوگی۔
❤1👌1
امام شافعیؒ کتنے ہوش مند تھے کہ چار دن کی دنیا میں گم ہو کر اس بڑے بھاری سفر کی تیاریوں سے ایک لمحہ کے لیے بھی غافل نہ ہوئے ـــــ نمازِ فجر سے سرِ نیاز اُٹھتا تو سینکڑوں انسانوں کے قافلے کو سفرِ آخرت کی تیاریاں سکھائی جاتیں ـــــ سب سے پہلے فقہ کا درس ہوتا ـــــ پھر حدیثِ رسول ﷺ کے آئینے میں انسان کے لیے بہترین اُسوے کی دل نواز جھلکیاں دکھائی جاتیں ـــــ قلب و رُوح میں یہ اُسوۂ حسنہ بٹھانے کے بعد مجلس وعظ کے ذریعہ ایمان افروز تاثرات دیے جاتے ـــــ اس کے بعد علمی مذاکرات کی محفل گرم ہوتی تاکہ مختلف سگینوں کی حرارت ایمان اور دل کی روشنی کا اندازہ ہو جائے ـــــ کھانے پینے کے لیے ایک مختصر وقفہ کے بعد نمازِ ظہر سے فارغ ہو کر پھر یہ مجلس ہوتی اور اس وقت دُنیا کے حسین ترین حصّہ سے لُطف اندوز ہونے کے لیے خالص ادبی اور لسانی علوم گفتگو کا موضوع بنتے ـــــ اس طرح سفرِ آخرت کے راہی تھک تھکا کر گھروں کو چلے جاتے اور "میر کارواں" امام شافعیؒ بھی عصر تک آرام فرماتے تاکہ پھر تازہ دم ہو کہ جہاد علم و عمل کے محاذ پر رونق افروز ہوں ۔ عصر کی نماز ختم ہو جاتی مگر امام شافعیؒ آخرت کی گہری سوچ میں سَر در گریباں بیٹھے رہ جاتے اس محویت سے وہ اس وقت چونکتے جب مؤذن خدا کے گھر میں کھڑا ہو کر نمازِ مغرب کے "شاہی دربار" کا اعلان کرتا ۔ اب جب کہ رات ہو چکی ہوتی اور چرند پرند تک بسیرا لینے کے لیے اپنے اپنے کونوں میں پہنچ چکے تو حضرت امامؒ بھی نماز عشاء پڑھ کر یہ دُعا پڑھتے ہوئے شب خوابی کے بستر پر پاؤں رکھتے:-
   "میرے اللہ ! تیرے ہی نام سے میرے پہلووں کو یہ بستر چھوتا ہے اور تیرے ہی نام سے میں اُٹھ کھڑا ہوتا ہوں ـــــ  اگر تو میری رُوح قبض کرلے تو جان بخشی فرما دینا اور اگر میری رُوح کو واپس کردے تو اس جان کی اس طرح حفاظت فرمانا، جس طرح تو اپنے پاک باز بندوں کی حفاظت فرماتا ہے ۔"
لیکن ابھی ایک تہائی رات گزرتی کہ خوفِ آخرت اور اُمیدِ مغفرت کی اُدھیڑ بُن قلب و رُوح سے بیدار ہوتی اور پٹ سے آنکھ کھل جاتی اور حضرت امامؒ حیات وکائنات کے خالق کو پُکارتے ہوئے بستر سے اُٹھ جاتے:-
    "پاک ہے اللہ اور تعریف ہے اس کی اور پاک ہے خدائےعظیم ـــــ اے اللہ تو سچّا ـــــ تیرا وعدہ سچّا ۔۔۔۔"
   رات کی میٹھی نیندیں چھوڑ کر وہ کتاب و سنّت کی علمی اور تحقیقی خدمت میں تن من سے منہمک ہو جاتے ۔ علم کی لطیف آنچ سے قلب میں سوز اور روح میں اضطراب بڑھتا جاتا۔ اور آخر آخری تہائی رات سجدہ گاہِ شوق پر اس حال میں بسر ہوتی کہ سینہ سوزِ ایمانی سے جلنے لگتا اور آنکھیں گرم گرم آنسوؤں سے سجدہ گاہ کو تر کر دیتیں ۔ خدا کی کتاب اس طرح پڑھتے جیسے وہی ان کا درد ہے اور وہی اس درد کا درماں بھی ـــــ آیاتِ الٰہی کو دیکھ کر دل میں میٹھا میٹھا درد سا ہوتا ـــــ اور آنکھوں میں موتی سے آنسُو چمک اُٹھتے ـــــ
سینے کا یہ درد آواز کو اتنا دردناک بنا چکا تھا کہ امام صاحبؒ نماز پڑھاتے وقت ابھی چند آیات ہی تلاوت کر پاتے کہ ان کے کانوں میں پیچھے صف بستہ نمازیوں کی سِسکیاں سُنائی دینے لگتیں تلاوت جوں جوں اور آگے بڑھتی یہ سِسکیاں تیز سے تیز تر ہوتیں اور کبھی کبھی تو یہ کیفیت ہو جاتی کہ جیسے شدّت درد سے سینے پھٹ جائیں گے ـــــ ایسے عالم میں امام صاحبؒ فوراً تلاوت کا سلسلہ روک دیتے اور اس بے قرار و نیم بسمل جماعت کو ساتھ لیے ہوئے رکوع و سجود کی لطیف گہرائیوں میں موجِ تہ نشین کی طرح گُم ہو جاتے تھے ۔
(جاری)
 https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
❤3
حدث في مثل هذا اليوم ١٥ يوليو
*حضرت شیخ الہند ؒکی حضرت شیخ الاسلام ؒکو ایک اہم نصیحت*
"دیوبند سے رخصت ہوتے وقت حضرت شیخ الہند رحمہ اللہ پیدل اسٹیشن تک ساتھ ساتھ تشریف لاۓ اور راستہ میں صدر چوکی کے پاس وصیت فرمائی کہ: *پڑھانا نہ چھوڑنا خواہ ایک طالب علم ہو* حیات شیخ الاسلام 78/1 بی حوالہ مآثر شیخ الاسلام ۵۳
انتخاب:محمد رضی قاسمی
❤6
*ڈاکٹر فریدی کا روزنامہ 'قائد' — از معصوم مراد آبادی*
(آج روزنامہ آگ میں شائع شدہ کالم )
ابتدائیہ اور اخبار کا آغاز
مسلم مجلس کے بانی ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی نے اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے جن راستوں کا انتخاب کیا، ان میں ان کا روزنامہ 'قائد' بھی تھا۔ یہ اخبار صحافت سے اس دور کے اہم صحافتی اور قلم کار وابستہ رہے۔ چار صفحات پر مشتمل اس اخبار کا اجرا 23 ستمبر 1966 کو لکھنؤ سے ہوا تھا۔ یہ دور چونکہ لیتھو کی طباعت کا تھا، اس لیے روزنامہ 'قائد' کی اشاعت بھی لیتھو پر شروع ہوئی۔
اخبار کا عملہ اور رفقاء کار
اس کے ابتدائی مدیروں میں بھوپال کے صحافی اشتیاق عارف اور لکھنؤ کے حکیم عبدالقوی دریا بادی کا نام ہے۔ حکیم صاحب مولانا عبدالماجد دریا بادی کے داماد تھے اور ان کا تعلق مولانا دریا بادی کے اخبار 'صدق جدید' سے بھی تھا جبکہ اشتیاق عارف نے اپنا صحافتی سفر بھوپال کے قدیم اخبار 'ندیم' سے شروع کیا تھا۔ ان کے علاوہ 'دعوت' کے سابق ایڈیٹر محفوظ الرحمن اور دہلی کے سرکردہ صحافی پروانہ ردولوی نے بھی 'قائد' میں کام کیا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اشتیاق عارف نے اپنی آپ بیتی 'یادوں کی بازیافت' میں روزنامہ 'قائد' میں گزارے ہوئے اپنے ایام کی تاریخ شیریں روداد کئی صفحات پر بیان کی ہے۔ لکھنؤ کے صحافی تحسین امین نے بھی اس اخبار میں بطور مینیجر خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر فریدی کا جذبہ اور ایثار
'قائد' کی اشاعت کب تک جاری رہی، اس کا کوئی واضح ثبوت نہیں ہے، البتہ اس کی اشاعت بند ہونے کا اصل سبب مالی دشواریاں تھیں چونکہ اس کے تمام اخراجات ڈاکٹر فریدی اپنی جیب خاص سے پورے کرتے تھے اور اس معاملے میں کسی سے مدد لینے کے روادار نہیں تھے۔
محفوظ الرحمن نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے:
"ڈاکٹر فریدی امراضِ سینہ کے مشہور معالج تھے۔ وہ چاہتے تو اس کے سہارے سیم و زر کے انبار لگا سکتے تھے، لیکن انہوں نے اپنی اس پیشہ ورانہ صلاحیت کو اپنا بینک بیلنس بڑھاتے چلے جانے کے بجائے خلقِ خدا کی خدمت اور آخرت کی صلاح و فلاح کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔"
مضمون میں ایک واقعے کا ذکر ہے جب ایک ڈاکٹر نے انہیں کچھ پیسے بچانے یا مریضوں سے فیس لینے کا مشورہ دیا تو ڈاکٹر فریدی نے کہا:
"یہ کتنے بیش قیمت اثاثہ ہیں جسے میں اپنے رب کے حضور لے جاؤں گا اور ان کے ہی صلے میں اس کی رحمت کا طلب گار ہوں گا کہ میرے پاس اس کے سوا پیش کرنے کے لیے اور کچھ بھی نہیں ہے۔ میں نے اپنی ساری زندگی تیری مخلوق کی بے لوث خدمت میں صرف کر دی۔ اب اگر تو چاہے تو میرے گناہوں اور میری خطاؤں کو اس کے عوض معاف کر دے۔"
اخبار کا مقصد اور پالیسی
ڈاکٹر عبدالجلیل فریدی نے 'قائد' کا اجراء ایک بڑے مقصد اور مشن کی تکمیل کے لیے کیا تھا۔ انہوں نے پریس نوٹ جاری کیا:
"ایک جمہوری نظام میں غلط فہمیاں پھیلانے والی پبلسٹی اور پروپیگنڈے کا توڑ ہونا ضروری ہے۔ میرا خیال ہے کہ گزشتہ سال میں مسلمانوں کا مقدمہ حریفوں کی مخالفت کی بنا پر کم اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے زیادہ کمزور رہا ہے۔ ہم اپنا مقدمہ صحیح طور سے عوام کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے تو اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نشر و اشاعت کے بیشتر ذرائع ان لوگوں کے قبضہ میں ہیں جو مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھ کر ان کے ساتھ گرا ہوا برتاؤ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس اردو کے چند اخبارات کے سوا ہندی یا انگریزی کا کوئی ایسا اخبار نہیں ہے جو بے خوفی سے اقلیتوں کی ترجمانی کر سکے۔"
وہ لکھنؤ اور کانپور کے اخبارات پر شدید تنقید کرتے تھے جو مسلم اخبارات کی حیثیت ذاتی اور نجی رکھ کر اپنی پارٹی یا ذات کے مفاد کے لیے چلاتے ہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ ایک ایسا مسلم اخبار ہو جو بے لوث ہو، اور اسی مقصد کی خاطر انہوں نے اپنی کمائی کا کثیر حصہ اس اخبار پر خرچ کیا۔
اخبار کا زوال اور بند ہونا
روزنامہ 'قائد' کی اشاعت جاری رکھنے کے سلسلے میں جن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، تو انہوں نے 'چند ضروری باتیں' کے عنوان سے 26 نومبر 1967 کو سرائے میر (اعظم گڑھ) میں مسلم مجلسِ مشاورت کی صوبائی کونسل اور علاقائی کانفرنس کے اجلاس میں کہا:
"اس ضمن میں میں آپ کی توجہ مجلس کے ترجمان 'قائد' کی افسوسناک مالی دشواریوں کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے ہر فرد 'روزنامہ اخبار' کی اہمیت سے خوب واقف ہے۔ 'قائد' اب تک اہم ستونوں کی طرح مجلس کے نصب العین کو بلند رکھے ہوئے ہے۔ اب تک اس اخبار کا کوئی خسارہ نہیں ہو چکا ہے۔ اگر فوری طور پر اس کی مالی حالت سنبھالنے کے لیے بڑے پیمانے پر عطیات نہ موصول ہوئے تو میں مجبوراً اس اخبار کو یکم دسمبر (1967) سے بند کرتا ہوں۔"
اس کے بعد بھی حالات سازگار نہ ہوئے اور اخبار بالآخر بند ہو گیا۔ اخبار کا یہ سفر 23 ستمبر 1966 کو شروع ہو کر یکم دسمبر 1967 کو بند ہو گیا۔ اس طرح اس کی اشاعت تقریباً چودہ مہینے جاری رہی۔
❤3👍1
*وفیات مورخہ:جولائی/ 17*
1960ء مطلوب الرحمٰن عثمانی۔ مولانا ،
1969ء محمد حسین صدیقی۔ ،
1969ء ناظر کاکوروی (مشیر احمد علوی)۔ ،
1971ء خیر بھوروی، ابو الخیر۔ ،
1973ء مرزا مہدی پویا۔ مولانا ،
1983ء قاری محمد طیب۔ حکیم الاسلام، مولانا، مہتمم دار العلوم دیوبند
1989ء عاشق حسین بٹالوی۔ مورخ، افسانہ نگار
1992ء عبدالرشید بیگ۔ مرزا
1999ء آغا محمد باقر شمس۔ شاعر وادیب
1999ء باسط عظیم (محمد عبدالباسط)۔ ،
2004ء البیلا (اختر حسین)۔ مزاحیہ اداکار
2015ء نوید احمد۔ حافظ، انجینیر
2020ء سید ولی اللہ قاسمی۔ مولانا

علم وکتاب https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
https://youtu.be/FKQbz_x10HE?si=pbc3wPVDFWsDAdYq

آج حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب رحمۃ اللہ علیہ سابق مہتمم دار العلوم دیوبند کا یوم وصال ہے، آپ کی وفات آج سے(۴۳) سال قبل مورخہ ۱۷ جولائی ۱۹۸۳ء کو ہوئی تھی۔ آپ کو یاد کرتے ہوئے مکتب جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے سنگ بنیاد کے موقعہ پر سنہ ۱۹۷۶ء میں ہوئے یاد گار خطاب کا ایک حصہ پیش خدمت ہے،

آپ کے مزید بیانات سننے کے لئے اردو آڈیو ڈاٹ کام کی مندرجہ ذیل لنک پر کلک کریں۔
https://audio.bhatkallys.com/audios/?q=&c=&s=qari-muhammed-tayyab&t
=
دیندار اور دنیادار، اسلام یہ تفریق لے کر نہیں آیا

نواب صدر یار جنگ، حضرت مولانا حبیب الرحمٰن خان شروانی رحمۃ اللّٰه علیہ نے فرمایا:

آج صدیوں سے مسلمانوں میں دو گروہ ہیں۔ دیندار اور دنیا دار۔ اسلام یہ تقسیم لے کر نہیں آیا تھا، ایک مسلم کی دنیا، اس کے دین سے ہے اور دین، اس کی دنیا سے علاحدہ نہیں ہوسکتا۔ حضرت سرورِ عالم صلی اللّٰه علیہ وسلم کی رسالت کا ظہور، انبیاء علیھم السلام کے اس طبقے میں ہوا جو جامعِ نبوت اور حکومت تھے۔ مثلِ حضرت موسیٰ و حضرت داؤد و حضرت سلیمان علیھما السلام۔ خلافتِ راشدہ کے دور میں سب سے بڑی دنیا دار اور سب سے بڑی دیندار شخصیت ایک ہی ہوتی رہی، یعنی خلیفۂ وقت۔ عشرۂ مبشرہ رضی اللّٰه عنھم اجمعین میں غالب تعداد ایسے بزرگوں کی ہے، جو دولت و معاملت میں ممتاز تھے۔ حضرت صدیق اکبرؓ کی تجارت، حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ اور حضرت سعد بن وقاصؓ کا تمول و تجمل مشہور ہے۔ وادیءِ عتیق کا قصر و ایوان اس بیان کے شاہدِ عدل ہیں۔ فقہ حنفی نے قبولِ امارت و دولت کے آغوش میں پشتوں تک پرورش پائی ہے۔ حضرت حمادؒ کے فضائل میں سخاوت و احتشام بھی شامل ہیں۔ رمضان مبارک میں پانسو روزہ داروں کے دسترخوان پر روزانہ انتظار کرتے تھے۔ امامِ اعظمؒ کی سخاوت کی وسعت مشہورِ روزگار ہے۔ چار سو روپیہ کی قیمت کی چادر ان کے مبارک شانوں پر رہی ہے۔ امام ابویوسفؒ کا تجمل و احتشام محتاجِ بیان نہیں۔

(الندوہ، جون، جولائی: ۱۹۴۲ء/صفحہ: ۳۹/۴۰/مطالعاتی پیشکش: طارق علی عباسی)

https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
❤1
Audio
❤1
*صور من حیاۃ الصحابۃ کی آڈیو فائل اور تمرینات محنت سے ہم تیار کرکے صرف اس غرض سے بھیجتے ہیں کہ ہمارے اساتذہ اپنے طلبہ میں ان کی مشق کروائیں، تاکہ ان میں عربی لکھنے اور بولنے سے مناسبت پیدا ہو۔ اگر ہمارے احباب سے مناسب ریکشن اور اہتمام کا مظاہرہ ہو تو پھر یہ سلسلہ ان شاء ہر ہفتہ جاری رکھنے کی کوشش ہوگی۔ بصورت دیگر اسے جاری رکھنے سے معذرت کردی جائے گی۔ اڈمن علم وکتا ب*
❤6👍5👌1
*غلطی ہائے مضامین*

*کون پڑھا لکھا ہے؟*

*احمد حاطب صدیقی(ابونثر)*

ملک کے ایک ممتاز مفکر، ادیب اور دانشور، جواتفاق سے اور ہمارے ایک عزیز دوست کے رشتے سے ہمارے برادرِ بزرگ بھی ہیں، ڈاکٹر نجیبہ عارف کی ایک تقریر کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:
”قومی زبان کی تعریف یہ تسلیم کی گی تھی کہ۔۔۔ وہ اپنا رسم الخط رکھتی ہو، اعلا سطح پر بھی تدریس کی زبان ہو،عدالتی اور سرکاری خط و کتابت میں استعمال ہوتی ہو۔ اردو میں یہ تینوں صفات نہیں ہیں۔ اس کا رسم الخط فارسی ہے۔ یہ میڈیکل انجینیرینگ اور ٹیکنا لوجی کی تعلیم کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی۔ کسی سرکاری دفتر یا عدالت میں استعمال نہیں ہو رہی۔“وغیرہ وغیرہ۔
بعض بزرگوں کی لاعلمی پر تعجب ہی کیا جا سکتا ہے۔ بڑھاپا بھی عجب شے ہے۔ قویٰ ہی مضمحل نہیں ہوتے،بسا اوقات عناصر کی بے اعتدالی سے ذہن بھی ماؤف ہو جاتا ہے، پھر جیسے تیسے اسی سے کام چلانا پڑتا ہے۔بالکل ٹھیک ہو جانا شاید مشکل ہو جاتا ہو، بقول مصحفیؔ:
بھلا دُرستیِ اعضائے پیر کیا ہووے
کہ جیسے رسی سے ٹوٹا کواڑ باندھ دیا
رسم الخط پر بات کرنے کے لیے طویل اظہار خیال کی ضرورت ہے۔ یہاں اس کی گنجائش نہیں ہے۔مگر ذرا بتائیے تو سہی کہ کس زبان کا رسم الخط اپنا ہے؟ اورکیا اُردو کے حروف میں ایسے حروفِ تہجی نہیں ہیں جو فارسی میں استعمال ہی نہیں ہوتے؟ صاحب! آپ مانیں یا نہ مانیں، کم ازکم اتنا تو جانیں کہ اُردو زبان اپنے اظہار کے لیے ایک رسم الخط رکھتی ہے اور اس کے اپنے 54 حروفِ تہجی ہیں۔رومن رسم الخط کوتو اُردو رسم الخط آپ بھی تسلیم نہیں کرتے۔خطِ نستعلیق ہی میں اُردو لکھے جاتے ہیں۔پھر اُردو میں لکھنے پر پچھتاتے ہیں۔
ماضی قریب میں ہمارے ہاں طب، مہندسی اور جدید فنیات کی تعلیم و تدریس اُردو ہی میں ہوتی رہی ہے۔اِنھیں کالموں میں ہم بارہا بتا چکے ہیں کہ اسی ملک میں اور یہیں کی درس گاہوں میں، ہم نے اور ہمارے بہت سے عم عصروں نے علمِ حیاتیات(علمِ حیوانیات+علمِ نباتیات)، علمِ طبیعیات، علمِ کیمیا، علمِ ریاضی، الجبرا،علم الاحصا، علم الہندسہ اور علمِ مثلث سمیت تمام سائنسی علوم کی تعلیم اُردو میں حاصل کی ہے۔ جامعہ کراچی میں ہمیں ”جوہری طبیعیات“ بھی پڑھائی گئی۔ ان علوم کی اُردو نصابی کتب، پاکستان ہی کے نہیں، دنیا کے متعدد کتب خانوں (حتیٰ کہ برٹش میوزیم لائبریری اور امیرکن کانگریس لائبریری) میں بھی موجود ہیں۔ کچھ بچی کھچی کتابیں راقم کے ذاتی کتب خانے کے’زیبِ خانہ‘ ہیں۔ آپ کا ہو یا نہ ہو مگرصاحب!ہمارا مشاہدہ اور تجربہ تو یہی ہے کہ ”بے صلاحیت“ اُردو زبان نہیں ہے۔
رہاسرکاری ’خط کتابت‘ کا معاملہ، تو رونا تو یہی ہے کہ سرکاری سطح پر دستور پاکستان کی دفعہ ۲۵۱ کی صریح خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے اورواضح حکم کے باوجود پاکستان کے کسی سرکاری دفتر یا خود عدالتوں میں قومی زبان بطور سرکاری زبان استعمال نہیں ہو رہی ہے۔ مگر آزاد کشمیر میں ہورہی ہے اور پاکستان کے تھانوں میں ہو رہی ہے۔ مجموعۂ تعزیرات کا مطالعہ کیجیے تو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کہ اُردوزبان قانونی، عدالتی، دفتری اور سرکاری زبان بننے کی کیسی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اُردو کی عطا کردہ قانونی اصطلاحات کتنی بلیغ اور جامع ہیں۔ صاحبو!اُردو بلا شبہہ باصلاحیت ہےمگر جو لوگ اُردو کی صلاحیتوں کا علم نہیں رکھتے، اُن کی صلاحیتیں بے شک مشکوک ہیں۔
اوپرجو ہم نے ’ماضی قریب‘ کا ذکر کیا ہے، توہمارا ماضی ہمارے لیے کتنا ہی پُرکشش کیوں نہ ہو،مگر ممکن نہیں کہ ’ماضی‘ جوں کا توں ہمارا حال یا مستقبل بن جائے۔گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں۔ یوں بھی ہمیں ماضی کی مسرتیں یاد رہتی ہیں، مگر ماضی کی مصیبتیں ذہن سے محو ہو جاتی ہیں۔ شاید ہم مادّی طور پر ماضی میں واپس جانا کبھی پسند نہ کریں، کیوں کہ مادّی طور پرآج جو سہولتیں ہمیں حاصل ہیں، ماضی میں اُن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔پھر بھی انسان اپنے فارغ وقت میں، فارغ بیٹھا ’تصور‘ (خانم) سے یہی فرمائش کرتا رہتا ہے کہ
ہاں دکھا دے اے تصور پھر وہ صبح و شام تُو
دوڑ پیچھے کی طرف اے گردشِ ایّام تُو
پیچھے کی طرف پلٹ پلٹ کر دیکھنا انسان کی فطرت میں رچا بسا ہے۔ بقول مولانا ابوالجلال ندویؒ:
ہر فکرِ نَو کی، وہمِ کُہن ہی اساس ہے
ماضی گُندھا ہوا ہے بشر کے خمیر میں
جن چیزوں کو آج جدید کہا جاتا ہے، اُن میں سے ہر ایک کی ’اساس‘ قدیم ہے۔ماضی سے ناتا توڑ لیں تو مستقبل بے معنی ہو جاتا ہے۔ سوچیے،جب آپ چلے تھے تو کہاں کے لیے چلے تھے؟ یہ بات ذہن میں نہ رہے تو کبھی منزل پر نہیں پہنچ سکیں گے۔ بھٹکتے رہیں گے۔
بھٹکنے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنی ’اساس‘ نہ بھولیں۔’بے بنیاد‘ نہ رہیں۔پٹری سے نہ اُتریں۔ اپنی رہ گزر پر چلتے رہیں تاکہ ’منزلِ مُراد‘ تک پہنچ سکیں۔ اُن ’نامُرادوں‘ سے بچ کر رہیں جو آپ کا تشخص آپ سے چھین لینا چاہتے ہیں۔ آپ کی زبان کھینچ کرآپ کے منہ میں مانگے کی زبان ٹھونس دینا چاہتے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں
جو مانگے کی زبان کے حق میں ہمہ وقت ’رطب اللسان‘ رہتے ہیں۔
ہمارے ساتھ ساتھ ہماری زبان بھی ماضی سے حال اور حال سے مستقبل کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے۔اب تک جتنی مادّی ترقیاں ہوئی ہیں، ہماری زبان نے سب سے استفادہ کیا ہے۔ آج جو لوگ ’فیس بُک‘ پر اُردو کے خلاف اُردو ہی میں بقراطیاں کر رہے ہیں، اُن کے دیدۂ کور کو نظر نہیں آتا کہ ہمارے ’ماضی‘ کا ورثہ، ہماری زبان کس طرح ’حال‘ کے تقاضوں کی تکمیل کرتی ہوئی ’مستقبل‘ کی سمت بڑھ رہی ہے۔مانا کہ اب تختی نہیں لکھی جاتی، قلم کو دوات کی روشنائی میں ڈبو کر قرطاس پر حسین حروف نہیں بکھیرے جاتے۔ کاغذ کا استعمال کم ہوتا جارہا ہے۔ مگر جدید آلات کی مدد سے بھی اُردوتو لکھی جا رہی ہے،اُردو بولی جا رہی ہے، اُردو میں صدا بندی اور عکس بندی ہو رہی ہے۔ یہاں تک کہ جدید ذرائع سے اُردو خطاطی بھی سکھائی جا رہی ہے۔ اُردو کے ماضی کی بھلا کون سی خوبی ہے جو جدید شکل میں ہمارے سامنے موجود نہیں؟اُردو کسی زبان سے کاہے میں کم ہے؟اگر کہیں کوئی کمی پائی جاتی ہے تو قصور اُن کا ہے جو یہ کمی پوری کر سکتے ہیں۔
ہاں کمی ہے توہمارے بعض لوگوں میں ’خود اعتمادی‘ کی کمی ہے۔قوتِ عمل کا فقدان ہے۔ ’احساسِ کمتری‘ میں مبتلا افراداپنے آپ سے یہ توقع نہیں کر پا رہے ہیں کہ دیگر اقوام کی طرح تعلیم و تدریس سمیت تمام کاروبارِ حیات ہم اپنی قومی زبان میں سرانجام دے سکتے ہیں۔ چوں کہ وہ اپنی ذات کی حد تک اس کام کو ”ناممکن“ سمجھتے ہیں، لہٰذا سب کے لیے ناممکن گردانتے ہیں۔حضورِ والا! جس کام کو آپ ناممکن سمجھیں گے اُس کے لیے پہلا قدم بھی کبھی نہیں اُٹھائیں گے۔ ہاں جس کام کو آپ سمجھتے ہوں کہ یہ کام ہو سکتا ہے،اسے کرنا چاہیے، اُس کے لیے پہلا قدم اُٹھائیں گے، دوسرا قدم اُٹھائیں گے، تیسرا قدم اُٹھائیں گے اورپھر رواں ہو جائیں گے۔تو اے عزیزانِ من!اہلِ ہمت ”ناممکن کام“ بھی ممکن کاموں ہی کی طرح قدم بہ قدم سر انجام دے کر ”ممکن“ بناتے ہیں۔تاریخ ایسی مثالوں سے بھری ہوئی ہے۔
ڈاکٹر نجیبہ کی اس بات پر بھی حشر برپا ہے کہ ہمارے زمانے میں اُردو کو بطور ذریعۂ تعلیم زندہ رکھا ہے تو دینی مدارس نے زندہ رکھا ہے۔اس پر تلملانے اور منہ بنانے کی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔ ہاتھ کنگن کو آرسی کیا ہے؟ کسی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری لینے والے اور کسی دارالعلوم سے فراغت کی سند لینے والے کی اُردو تحریر یااردو گفتگو کا موازنہ کر لیجے۔معلوم ہو جائے گا کہ کون پڑھا لکھا ہے۔
٭٭
آج اردو کے عظیم شاعر فنا نظامی کانپوری کا یوم وفات ہے، آپ کی وفات مورخہ ۱۸/ جولائی ۱۹۸۸ء کو ہوئی تھی۔ اس مناسبت سے آپ کی آواز میں ایک غزل پیش خدمت ہے۔
یہ بہار کا زمانہ یہ گلوں کے سائے
کلام وآواز: فنا نظامی کانپوری
لنک اردو اڈیو ڈاٹ کام
فیس بوک کے ناظرین ان بکس میں لنک ملاحظہ فرمائیں
https://audio.bhatkallys.com/audios/?id=saqia-tu-nay-maray-zarf-ko-samjha, Saqia tu nay Maray Zarf ko samjha
مزید کلام کے لئے کلک کریں
https://audio.bhatkallys.com/audios/?q=&c=&s=fana-nizami-kanpuri&t=
*وفیات مورخہ:جولائی/ 19*
1964ء سید هاشمی فرید آبادی۔ مورخ
2006ء محمد یونس خالص۔ اٖفغان کمانڈر
2011ء عمر محمود سلیمان۔ مصری صدر
2012ء انوار احسن صدیقی۔ ادیب ، صحافی ،
2013ء علی احمد اعوان۔ بچوں کے ادیب
2018ء گوپال داس نیرج۔ شاعر

https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
اردو میں سیرت النبیﷺ پر پہلی کتاب " فوائد بدریہ" تصنیف قاضی بد رالدولۃ مولانا محمد صبغۃ اللہ مدراسی نائطی
ڈاکٹر محمود احمد غازی کے محاضرات سیرت سے ایک اقتباس
*مطالعہ سیرت۔ پاک و ہند میں*
1857ء سے پہلے اردو میں سیرت پر نثر میں لکھی جانے والی کتابوں کی تعداد بھی کم نہیں ہے۔ اندازہ یہی ہے کہ یہ کتابیں پچیس سے کم نہیں ہوں گی ۔ 1857ء سے پہلے کی کتابوں میں دو کتابیں خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ ایک 1857ء کے زمانے کی سمجھ لیں اور ایک اس سے پہلے کی ۔ جو کتاب 1857ء سے پہلے کی ہے وہ ایک ایسی شخصیت کی ہے جس کے خاندان میں علم و سیرت ہمیشہ سے رہا ہے اور ماضی قریب میں اس خاندان کے ایک قابل ذکر فرزند نے علم سیرت کو کہیں سے کہیں پہنچا دیا۔ جنوبی ہندوستان میں حیدرآباد دکن میں ایک بزرگ تھے قاضی بدر الدولہ۔ ان کا خاندان بہت مشہور تھا۔ وہ خود بڑے صاحب علم تھے۔ ان کی ایک کتاب فوائد بدریہ سیرت کے موضوع پر ہے ۔ 404 صفحات پر مشتمل یہ کتاب دو جلدوں میں ہے، اور قدیم اردو زبان یعنی دکنی میں لکھی گئی۔ 1839ء اور 1255ھ یعنی ایسٹ انڈیا کمپنی کے زمانے میں لکھی گئی۔ کئی بار چھپ چکی ہے۔
قاضی بدرالدولہ خود بہت بڑے فقیہ تھے۔ ریاست کرناٹک کے قاضی القضاۃ تھے ۔ مستند ترین مصادر سے کام لے کر انہوں نے کتاب لکھی ہے۔ زاد المعاد، فتح الباری، عیون الاثر اور المواہب اللدنیہ جیسی بڑی کتابیں ان کے سامنے تھیں۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ اردو زبان میں لکھی گئی یہ کتاب سب سے پہلی مستند کتاب سیرت ہے۔ فارسی میں برصغیر میں سیرت پر پہلی کتاب شیخ عبد الحق نے لکھی تھی۔ اردو میں قاضی بدر الدولہ نے لکھی۔ اگرچہ ان کی اردو قدیم ہے لیکن عام فہم ہے اور آج بھی اس کو سمجھنے میں کوئی خاص دقت محسوس نہیں کی جاتی۔ قاضی بدر الدولہ ڈاکٹر حمید اللہ مرحوم کے جد امجد ہیں جنہوں نے بیسویں صدی میں سب علوم سیرت کو نئی جہتیں عطا کیں، جن کی وجہ سے ان کو بجاطور پر مجدد علوم سیرت کہا جا سکتا ہے۔ یہ وہی ڈاکٹر حمید اللہ ہیں جن کے نام سے ادارہ تحقیقات اسلامی کا کتب خانہ موسوم ہے۔
قاضی بدر الدولہ کی اس کتاب کے علاوہ جو کتاب عین 1857ء اور 1858ء کے معرکہ میں شریک عالم مجاہد کے قلم سے 1858ء اور 1859ء کے سالوں میں لکھی گئی وہ ایک مشہور مجاہد، فقیہ اور عالم مفتی عنایت احمد کاکوروی کی لکھی ہوئی تھی۔ مفتی عنایت احمد کاکوروی شمالی ہندوستان میں ایک چھوٹا سا شہر کاکوری ہے، وہاں کے رہنے والے ہیں۔ مفتی عنایت احمد 1857ء کی جنگ آزادی میں شریک تھے۔ پہلی مرتبہ جہاد کے وجوب کا فتوی جن لوگوں نے دیا ان میں مفتی عنایت احمد کاکوروی بھی شامل ہیں اور جہاد کے اس تاریخی فتوی پر ان کے دستخط بھی ہیں ۔ انہوں نے فتوی بھی دیا۔ رائے عامہ کو بھی ہموار کیا اور عملاً جہاد میں حصہ بھی لیا۔ چنانچہ جب انگریزوں کو کامیابی ہوئی اور مجاہدین کو شکست ہوئی تو بہت سے لوگوں کو سزائے موت دی گئی۔ کچھ لوگوں کو کالا پانی یعنی جزائر انڈیمان بھیج دیا گیا۔ مفتی عنایت احمد کاکوروی بھی ان لوگوں میں شامل تھے جن کو جزائر انڈیمان بھیج دیا گیا تھا۔
مفتی عنایت احمد کاکوروی بڑے عالم فاضل انسان تھے۔ لیکن جزائر انڈیمان میں قید با مشقت کے دوران جو کام ان کے سپرد کیا گیا وہ یہ تھا کہ جزائر میں جتنی گندگی لوگوں کے گھروں میں جمع ہو اس کو اٹھا کر آبادی سے باہر پھینکا کریں۔ اُس زمانے میں غسل خانوں وغیرہ کا یہ نظام نہیں تھا۔ مفتی صاحب لوگوں کے گھروں میں جا کر گندگی صاف کرتے اور اس کو ایک بڑے ٹوکرے میں ڈال کر کندھے پر اٹھاتے اور آبادی سے باہر پھینک آتے۔ ظاہر ہے اس زمانے میں ان کے پاس نہ وقت ہوتا تھا نہ مطالعہ کے مواقع اور نہ ہی مصادر اور ماخذ کی کتابیں ۔ اس کے باوجود اس تکلیف دہ دور اسیری میں انہوں نے تین کتابیں لکھیں۔ ان میں سے ایک کتاب سیرت پر ہے۔ یہ کتاب تواریخ حبیب الٰہ کے تاریخی نام سے معروف ہے۔
یہ ساری کتاب انہوں نے جزائر انڈیمان میں بیٹھ کر محض یادداشت کی بنیاد پر لکھی تھی ۔ انہوں نے سوچا کہ جب تک ان معلومات کو دوبارہ چیک نہ کیا جائے اس کتاب کو شائع کرنا ٹھیک نہیں۔ اس لئے مسودہ اپنے پاس رکھ چھوڑا۔ اتفاق کی بات کہ ان کی ملاقات کسی شریف انگریز سے ہو گئی۔ یہ انگریز ان کے علم و فضل سے بہت متاثر ہوا۔ جب ان کو معلوم ہوا کہ یہ مولانا سابق قاضی اور جج رہے ہیں اور یہاں عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں تو اس نے سفارش کر کے مفتی صاحب کو رہائی دلائی۔ مفتی صاحب تینوں مسودے لے کر ہندوستان واپس آئے ۔ یہاں انہوں نے تواریخ حبیب الٰہ کے مندرجات کو مصادر و ماخذ سے چیک کیا اور کہیں ایک حوالہ بھی غلط نہیں پایا تو اس کو شائع کر دیا۔
❤2
اس کتاب میں تین ابواب ہیں۔ باب اول نور مبارک اور ولادت سے ہجرت تک ہے۔ باب دوم ہجرت سے لے کر حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے دنیا سے تشریف لے جانے تک کے واقعات پر مبنی ہے اور یہ کتاب کا طویل ترین باب ہے۔ تیسرا باب حلیہ مبارکہ اور آپ ﷺ کے اخلاق، عادات اور معجزات کے بارے میں ہے۔ کتاب کے آخر میں ایک خاتمہ ہے جو حضور ﷺ کی شفاعت کبری کے بارے میں ہے۔
یہ دو کتابیں جن میں سے ایک 1857ء سے پہلے لکھی گئی اردو زبان میں سیرت پاک پر قدیم اور مستند کتابیں ہیں۔ ایک 1857ء کے واقعات کے دوران لکھی گئی ۔ تواریخ حبیب الٰہ بھی مستند اور بلند پایہ علمی کتاب ہے۔ لیکن فوائد بدریہ استناد کے اعتبار سے زیادہ اونچا درجہ رکھتی ہے۔ جامعیت بھی اس میں زیادہ ہے اور یہ ضخیم بھی زیادہ ہے ۔ تواریخ حبیب الٰہ نسبتاً مختصر ہے۔ میرے پاس اس کا تیرہویں صدی ہجری کا چھپا ہوا ایک نسخہ موجود تھا جو سو ایک سو بیس صفحات پر مشتمل تھا، لیکن بعد میں جب شائع ہوا تو میں نے سنا ہے کہ کوئی 200 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ فوائد بدریہ پرانے انداز کے چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اگر اس کو آج کی کتابت اور کمپیوٹر سے چھاپا جائے تو شائد چھ سو صفحات بن جائیں گے۔ یہ قدیم ترین دو کتابیں ہیں جو اردو میں سیرت پر لکھی گئیں۔
(محاضرات سیرت۔ صفحہ ۶۱۔۶۱۳)
❤1
سچی باتیں (4؍ستمبر 1944ء)۔۔ نسب و قرابت
از: مولانا عبد الماجد دریابادیؒ

نذیر احمد، شمس العلماء، مولوی ڈاکٹر نذیر احمدڈپٹی مترجم القرآن کے نام سے کون اُردو خوان ناواقف ہے؟ زندگی کے ایک دور میں ایک شدید اعتراض اور وہ بھی زبان وادب کے بحث میں نہیں، اُن پر یہ وارد رہا کہ وہ دہلوی نہیں، ’’بجنوری‘‘ ہیں!لکھنؤ کے عبد الحلیم شررؔ کے خلاف طنزوتعریض کا سب سے بڑا حربہ یہ مدتوں رہا کہ حریفوں کی تحقیق میں وہ لکھنؤ کے نہیں ’’کرسی‘‘ کے تھے۔ حالیؔ اس لئے بدنام رہے کہ وہ دہلی کے نہیں پانی پت کے تھے ۔ اور اقبال کا اُردو کلام مدّتوں اس لئے مہمل قرار پاتارہا کہ ایک ’’سیالکوٹی‘‘ کا کلام ہے!……گویا متکلم کو کلام سے جانچنے کے بجائے قاعدہ یہ چل گیا کہ کلام کو متکلم سے جانچا جائے ، اور متکلم کی شخصیت کی جانچ پرتال میں اہم عنصر اسے قرار دیاجائے ، کہ وہ اتفاق سے پیداکس سرزمین میں ہوا، یہ وطن اگر بدنام تو وہاں کا ہر ہرباشندہ بدنام، اور جس پر تنقید ہورہی ہے اس کا وطن اگر بدنام نہیں، تو ڈھونڈھ ڈھونڈھ کر اُسے کسی بدنام ہی وطن کی طرف منسوب کیاجائے گا!
مولانا اشرف علی تھانویؒ کو ہم آپ حکیم الامت کہتے ہیں، تو کہہ لیں، تحریکِ خلافت وترکِ موالات کے عروج کے زمانے میں اور اُس کے مدتوں بعد تک ان کے مسلک کی مردودیت کی سب سے بڑی دلیل، واضح وقطعی، اچھے اچھوں کے ہاتھ یہ رہی، کہ مولاناؒ کے ایک (سوتیلے) بھائی گورنمنٹ میں محکمۂ پولیس میں عہدہ دار ہیں!ایسے شخص کے کسی فتوے کی تغلیط کے لئے اب کسی ردوقدح وجرح کی ضرورت ہی کیا؟……مولانا محمد علیؓ نے جب قومی مجرموں کی پردہ دری کرنا چاہی، تو اُن کے خلاف یہ پُرشور آواز دہلی ہی سے بلند ہوئی، کہ چند پشتوں کے آگے ان کے سلسلۂ نسب کا پتہ نہیں چلتا!……وطن کے بعد نسب اور قرابت!تنقید کا یہ دوسرا اور تیسرا معیار بھی خوب ہاتھ آگیا۔ مدتوں یہ ہوابھی خوب زوروں سے چلی، کہ فلاں عالم، ایک ’خان بہادر‘ کا عزیز ہے، ایک ڈپٹی کلکٹر کا بھتیجاہے، ایک پولیس انسپکٹر کا داماد ہے، اس کی کوئی بات قابل اعتنا ہوہی کیسے سکتی ہے!……پھر چند اور معیار کہ فلاں نے اس سن میں دوسری شادی کرلی ہے!فلاں نے قوم کی مرضی کے بغیر اپنی بیوی کو طلاق دے دی ہے، اور جو مرد رواجی شریعت کے ایسے ایسے گناہوں کے مرتکب ہوں، وہ کب اس قابل ہیں، کہ کسی مسئلہ میں زبان کھول سکیں، کسی کو منہ دکھاسکیں!
تنقید کے سب معیار اب بھی ختم نہیں ہوئے۔ ’’سیرت وصحت‘‘ کا معیار تو ابھی باقی ہی رہ گیا۔ گفتگو شررؔمرحوم کی بعض تحریروں کے باب میں چلی، اور جواب میں شرر صاحب کے قدوقامت اور گھنی سیاہ داڑھی پر پھبتیاں شروع ہوگئیں!ایک شاعر وناشر صفدرؔمرزاپوری بیچارے حال ہی میں مرحوم ہوئے ہیں۔ آخر عمر میں مفلوج ہوگئے تھے۔ بس خوش ظرف معاصرین کو اُن کی یہ طبعی معذوری ایک خاص عنوان تفریح وتمسخر ہاتھ آگئی تھی……اور پھر پیشۂ سابق کو کیوں بھولئے۔ ایک مشہور پرچہ کے ایڈیٹر کے مقابلہ میں یہ حربہ آج تک استعمال ہورہاہے کہ وہ بدبخت ایڈیٹر کسی زمانے میں کمپونڈر رہ چکاہے!ایک مشہور صاحب قلم کے متعلق یہ بحث ابھی کچھ دن ہوئے اخباروں میں اُٹھی تھی کہ وہ کبھی پولیس میں ہڈ کانسٹبل رہ چکے ہیں!یا ایک ممتاز عالم دین وصاحب قلم ایک زمانہ میں عطاری کا کارخانہ کھول چکے ہیں!……غرض مسائل پر بحث کرتے ہوئے ہماری شریعتِ صحافت یہ بالکل جائز کرچکی ہے، کہ دلائل کو بھول جائیے، اور کام حریف کے صرف وطن، نسب وخانگی حالات، پر ذاتی حملوں اور صورت پر تعریضوں، پھبتیوں سے لیتے رہئے!اخبارات کاکام اگر صرف مذاقِ عوام کی پیروی اور اپنی دوکان کی عارضی گرم بازاری ہے، جب تو خیر عرض کرنے کی گنجائش ہی نہیں۔ لیکن اصلاحِ مذاق گر کسی وجہ میں بھی مقصود ہے، اور اپنا اخلاقی فریضہ کچھ بھی عزیز ہے تو خدا کے لئے اس طرز عمل پر کچھ تو غور کیاجائے!
علم وکتاب https://whatsapp.com/channel/0029Vahcr7L4NVitnhxGr60B
❤1